بھٹکل:11/ اپریل(ایس اؤنیوز) شہر بھٹکل کے معروف و مشہور چن پٹن ہنومنت مندر کے رتھ اتسوا المعروف تیر حبا کے موقع پر مسلم لیڈران کی شرکت پر جو تنازعہ کھڑا ہو ا تھا وہ قاضی صاحبان کے سامنے بحسن و خوبی حل ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں عنایت اللہ بن حسن باپا شاہ بندری کی طرف سے جاری کردہ معذرت نامہ میں کہا گیاہے کہ وہ رتھ کی اجازت کا فنکشن ختم ہونے کے بعد چرکین گھر کے باہر کھڑا تھا، کہ اس دوران مندر انتظامیہ کے لوگوں نے رتھ تک آنے کی دعوت دی ، اس موقع پر ڈی وائی ایس پی اور کچھ مسلم ذمہ داران نے بھی اپنے ساتھ آنے کے لئے کہاتو میں ان کے ساتھ مندر تک گیا۔ اس کے بعد وہاں جو کچھ ہوا وہ بغیر سوچے سمجھے ہوا۔ جس پر میں پشیمان ہوں ، اپنے گناہ پر توبہ کرتاہوں اللہ مجھے معاف فرمائے۔

عنایت اللہ شاہ بندری نے مزید کہا ہےکہ معاملے کو لے کر شہر کے دونوں قاضی صاحبان ، شعبہ نہی عن المنکر کے ذمہ داران اور تنظیم کے عہدیداران کی موجودگی میں، غلطی کا اعتراف کیاجاچکاہے، اور میں نے بتایا ہے کہ آئندہ ایسے معاملات میں محتاط رہوں گا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپنے حق میں دعائے خیر کی درخواست کی ہے۔
معذرت نامہ میں دونوں قاضی صاحبان نے عنایت اللہ شاہ بندری کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عنایت اللہ شاہ بندری کے علاوہ مزید دوسرے ذمہ داران نے بھی مجلس میں اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے اور آئندہ محتاط رہنے کا عہدکیا ہے۔ آخر میں دونوں قاضی صاحبان کی دستخط بھی موجود ہے۔